28 اکتوبر 2014 - 20:45
نائب وزیر خارجہ: داعش کے خلاف شاندار کامیابی پر ایران کی عراقی عوام کو مبارکباد

ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف عراقی فوج کی حالیہ فتح کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فتح نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عراق اور شام دہشت گردی کے مسئلہ سے خود نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف عراقی فوج کی حالیہ فتح کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فتح نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عراق اور شام دہشت گردی کے مسئلہ سے خود نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پیر کو عراقی فورسز نے رضاکار فورسز کی حمایت سے دارالحکومت بغداد کے نزدیک ایک اسٹریٹجک شہر جرف الصخر پر کنٹرول کر لیا تھا۔

داعش کو جرف الصخر سے پسپائی اختیار کرنا پڑی جس میں اس کا سنگین مالی و جانی نقصان ہوا۔

ایران نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس کامیابی پر عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد بھی پیش کی۔

ایران کے اعلی عہدیدار نے کہا کہ جرف الصخر میں ملک کے رضاکار مجاہدین کی حمایت سے اور بیرونی مداخلت کے بغیر دہشت گردوں کے صفائے کا عراقی فوج کا کامیاب آپریشن اس بات کی بہترین مثال ہے کہ وہ عراق اور شام میں دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کرانے اور دہشت گردوں سے انہیں پاک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

عبداللہیان نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عراقی عوام اور حکومت اپنی خودمختاری، آزادی اور قومی یکجہتی کا دفاع کر سکتے ہیں۔

واضح ہو کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے عراق کے کئی علاقوں پر قبضہ کیا ہوا ہے، عراقی فوج اور رضاکار فورسز ملک سے تکفیری دہشت گردوں کو پاک کرنے کے آپریشن میں مشغول ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔

/169